اسلامی جمہوریہ ایران نے افزودہ یورینیئم کے ذخائر میں اضافہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایران کی ‘فارس’ نیوز ایجنسی نے بتایا ہے کہ وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایران اپنے منصوبے کے مطابق افزودہ یورینیئم کے ذخائر 300 کلو گرام سے زائد کر چکا ہے۔ ایٹمی ڈیل بچانے کے حوالے سے یورپ کی کوششیں ناکافی ہیں، اس لئے ایران اپنے اعلان کے مطابق اقدامات پر عمل جاری رکھے گا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک امریکی دباؤ میں نہیں آئے گا۔
مریکا مذاکرات کرنا چاہتا ہے تو اسے ایران کو عزت دینا پڑے گی۔ جواد ظریف نے مزید کہا ایران دباؤ کی صورت میں ہمیشہ مزاحمت کا مظاہرہ کرتا آیا ہے اور جب بھی اس کے ساتھ باعزت رویہ اختیار کیا گیا اس نے بھی مثبت جواب دیا۔
ادھر اقوام متحدہ کے نیوکلیئر واچ ڈاگ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے ) نے ایران کی جانب سے افزودہ یورینیئم کے ذخائر بڑھانے کی تصدیق کر دی۔ آئی اے ای اے کے ایک انسپکٹر کا کہنا ہے کہ حال ہی میں جب ایران کے افزودہ شدہ یورینیم کا وزن کیا گیا تو وزن 300 کلو گرام سے تجاوز کر چکا تھا۔