ایران نے مصر کے سابق صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر محمد مرسی کی وفات کی خبر المناک اور افسوسناک ہے۔ ایران ڈاکٹر محمد مرسی کے خاندان کے دکھ اور غم میں برابر کا شریک ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران عظیم مصری قوم اور ڈاکٹر محمد مرسی کے خاندان کے غم میں برابر کا شریک ہے اور اس دکھ کے موقع پر ان کے ساتھ مکمل ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔
بیان میں مرحوم ڈاکٹر مرسی کی عالم اسلام کے لیے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور کہا گیا کہ مصر میں ڈاکٹرمحمد مرسی کا انتخاب عوامی انقلابی تحریک کی کامیابی کا نتیجہ تھا۔
خیال رہے کہ مصر کے سابق صدر ڈاکٹر محمد مرسی سوموار 17 جون کو مصری عدالت میں پیشی کے موقع پر اچانک حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے تھے۔