چهارشنبه 30/آوریل/2025

حماس کا سابق مصری صدر محمد مرسی کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار

منگل 18-جون-2019

اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ نے سابق معزول مصری صدر محمد مرسی کی ناگہانی وفات پر گہرے دکھ اور رنجم وغم کا اظہار کیا ہے۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق مصری صدر محمد مرسی کی دوران قید وفات نے پوری فلسطینی قوم اور حماس کی قیادت اورکارکنوں کو گہرے صدمے سے دوچار کیا ہے۔ حماس کی قیادت اور فلسطینی قوم مصری قوم اور اخوان المسلمون کی قیادت کے دکھ میں‌ برابر کی شریک ہے۔

خیال رہے کہ ڈاکٹر محمد مرسی کل 17 جون بہ روز سوموار کو قاہرہ کی ایک عدالت میں پیشی کے دوران حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے تھے۔ ان کی وفات پر فلسطینی اور مصری اقوام سمیت پورے عالم اسلام میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

حماس نے مرحوم مصری صدر محمد مرسی کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی خدمات بالخصوص قضیہ فلسطین کے حوالے سے ان کی ناقابل فراموش خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

بیان میں  کہا گیا ہے کہ محمد مرسی نے اپنی پوری زندگی قضیہ فلسطین کی حمایت اور صہیونی ریاست کے مظالم کے خلاف بسر کی۔

حماس نے سابق صدر محمد مرسی کے خاندان اور ان کے عزیزو اقارب سے بھی تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مصر کے سرکاری ٹیلی ویژن چینل نے گذشتہ شام خبر نشر کی تھی کہ سابق صدر محمد مرسی عدالت میں‌ پیشی کیے دوران صحت خراب ہونے کے بعد انتقال کرگئے تھے۔ ٹی وی رپورٹ کے مطابق محمد مرسی عدالت میں پیشی کے دوران  بے ہوش ہو کر گئے جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی گئی مگر وہ جاں بر نہ ہوسکے اور انتقال کر گئے۔

مختصر لنک:

کاپی