اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات شروع ہونے یا کشیدگی میں کمی کا کوئی امکان نہیں ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق ‘یو این’ سیکرٹری جنرل نے عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط کے ہمراہ نیویارک میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ عالمی برادری امریکا اور ایران کو جنگ سے روکنے اور خلیجی خطے میں کسی نئی محاذ آرائی سے گریز کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے آبنائے ہرمز کے قریب بحر عمان میں تیل بردارجہازوں پر تخریب کارانہ حملوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ تیل بردار جہازوں پر حملوں میں ملوث قوت ہی اس کے نتائج کی ذمہ دار ہے۔
اس موقع پرعرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط نے کہا کہ میں ایرانی بھائیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ محتاط رہیں اور اپنا قبلہ درست کرتے ہوئے جنگ سے گریز کریں۔
خیال رہے کہ جمعرات کے روز خلیج عمان میں دو تیل بردار جہازوں پر ہونے والے حملے میں ایک جہاز پرموجود تیل کی بڑی مقدار ضائع ہوگئی تھی اور جہاز کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ دونوں جہازوں پر عملے کے افراد سمیت 44 افراد سوار تھے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان حملوںکی ذمہ داری ایران پرعاید کی ہے جب کہ ایران نے امریکی الزامات سختی سے مسترد کر دیے ہیں۔