شام میں بشار حکومت کے زیر انتظام خبر رساں ایجنسی نے بدھ کو علی الصبح بتایا ہے کہ شام کے فضائی دفاعی نظام نے ملک کے جنوب میں تل الحارہ کے علاقے میں اسرائیلی میزائل حملے کو پسپا کر دیا۔ اس دوران کئی میزائلوں کو فضا میں تباہ کر دیا گیا۔
ایجنسی کے مطابق واقعے میں صرف مادی نقصانات کی خبریں ہیں اور کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اسرائیل نے متعدد میزائل داغنے کے بعد سائبر جنگ کا آغاز کر دیا اور شامی ریڈاروں کو خلل کا نشانہ بنایا۔
تل الحارہ کا علاقہ شام کے صوبے درعا میں واقع ہے۔ یہ مقبوضہ گولان کے پہاڑی علاقے تک پھیلا ہوا تزویراتی نوعیت کی علاقہ ہے۔
اسرائیل نے دو جون کو القنیطرہ کے مشرقی دیہی علاقے کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا تھا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ اس نے شام کی جانب سے گولان کے علاقے میں جبل الشیخ کی چوٹیوں پر دو راکٹ گرینیڈز داغے جانے کے جواب میں شامی حکومت کے فوجی ٹھکانوں پر حملہ کیا۔
اسرائیل نے حالیہ برسوں میں شام میں اپنی بم باری میں اضافہ کر دیا ہے۔ اس دوران شامی حکومت کے فوجی ٹھکانوں کے علاوہ شام میں ایران اور حزب اللہ کے اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔