اسرائیلی ریاست کے منظم ریاستی جرائم کے خلاف فلسطینی عوام کی طرف سے مزاحمتی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ حماس کی طرف سے جاری کردہ ماہنانہ رپورٹ کےمطابق مئی کے دوران فلسطینیوں کی طرف سے صہیونی ریاست کے جرائم کے خلاف 342 مزاحمتی حملے کئے گئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کی طرف سے جاری کردہ ماہانہ رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ اسرائیلی فوج کی طرف سے کریک ڈاون، گھروں میں گھس کر زد و کوب کرنا، مکانات کی مسماری، فلسطینیوں کی بے دخلی اور مقدس مقامات کی بے حرمتی کے جرائم کے خلاف فلسطینی عوام کی مزاحمتی کارروائیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مئی 2019ء کے دوران فلسطینیوں کی طرف سے قابض صہیونی فوج کے خلاف 342 مزاحمتی کارروائیاں کی گئیں۔ ان میں شہادت سے قبل فلسطینی شہری یوسف سحویل کی چاقو حملے میں دو یہودی آبادکاروں کو شدید زخمی کرنے کی کارروائی بھی شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق مئی کے دوران فلسطینیوںکی مزاحمتی کارروائیوں میں فائرنگ کے 4، چاقو گھونپنے کے 5، دستی بم نصب کرنے اور پھینکنے کے 15 ، سنگ باری کے 266 واقعات رونما ہوئے جن میں 14 صہیونی زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق چاقو حملے، فائرنگ اور سنگ باری کے مزاحمتی واقعات کل کارروائیوں کا 78 فی صد رہے۔ رام اللہ میں 62، القدس میں 62 اور الخلیل میں 65 واقعات ریکارڈ کیے گئے۔