انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم یہودی کالونیوں میں سیاحت کی ترویج اور ترغیبات کی شدید مذمت کرتے ہوئے امریکی سیاحتی کمپنی ‘ٹرپ ایڈوائزر’ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی علاقوں میں یہودی کالونیوں میں آنے والے سیاحتی مقامات کی سیاحت کی ترویج کا سلسلہ بند کرے۔
ایمنسٹی کی ویب سائیٹ پر پوسٹ کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ "TripAdvisor” نے یہودی کالونیوں کی 70 املاک اور تاریخی مقامات کی سیاحت کی ترویج شروع کی ہے۔ متنازع یہودی کالونیوں میں کسی غیر ملکی کمپنی کی طرف سے سیاحت کی ترویج غیرقانونی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ TripAdvisor فلسطین میں یہودی کالونیوں میں سیاحت کے فروغ کی مہم چلا کر فلسطین میںیہودی آباد کاری اور اسرائیل کی توسیع پسندی میں معاونت کر رہی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت غرب اردن کی یہودی کالونیوں میں کسی قسم کی سیاحتی ترغیبات کی مہم چلانا فلسطین میں یہودی آباد کاری کے غیرقانونی طرز عمل میں مدد کرنے کے مترادف ہے۔
ایمنسٹی نے TripAdvisor کے چیف ایگزیکٹو اسٹیفن کووفیر پر زور دیا ہے کہ وہ یہودی کالونیوں میں سیاحتی مہمات کی ترویج کا سلسلہ بند کریں۔