کل اتوار کو اسرائیلی فوج کی طرف سے القدس میں شہریوں پر تشدد کے باوجود مسجد اقصیٰ میں اعتکاف کے لیے روزہ داروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اتوار کو درجنوں فلسطینی روزہ دار اعتکاف کی عبادت میں حصہ لینے کے لیے مسجد اقصیٰ پہنچے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج اور پولیس نے فلسطینی روزہ داروں کی پکڑ دھکڑ مہم بھی جاری رکھی ہوئی ہے جب کہ یہودی آباد کار مسلسل قبلہ اول پر دھاوے بول رہے ہیں۔
اتوار کے روز اسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکیورٹی 75 یہودی آبادکار قبلہ اول میں داخل ہوئے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں نے قبلہ اول پردھاوا بولا۔ اس موقع پر یہودی آباد کاروں کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کی گئی تھی۔
فلسطینی محکمہ اوقاف کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اسرائیلی پولیس کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ماہ صیام کے آخری عشرے کے دوران یہودی آباد کاروں کو مسجد اقصیٰ میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی مگر اس کے باوجود اسرائیلی فوج نے اچانک مراکشی دروازہ یہودی آباد کاروں کے قبلہ اول میں داخلے کے لیے کھول دیا تھا۔