فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی مشرقی سرحد پر جمعہ کی شام ہونے والے ایک مظاہرے کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 16 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں ایک صحافی اور ایک امدادی کارکن بھی شامل ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ میں وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جُمعہ کی شام اسرائیلی فوج کی فائرنگ، دھاتی گولیوں کی بوچھاڑ اور آنسوگیس کی شیلنگ کے نتیجے میں 16 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں ایک خاتون امدادی کارکن اور ایک صحافی بھی شامل ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق کل 59 ویں جمعہ کو غزہ کی پٹی میں ہزاروں پر امن فلسطینیوں نے غزہ کی پٹی کے محاصرے کے خاتمے اور حق واپسی کے لیے مظاہرے کیے اور جلوس نکالے۔
رمضان المبارک اور شدید گرمی کے باوجود ہزاروں فلسطینیوں نے حق واپسی ریلیوں میں شرکت کی۔
خیال رہے کہ 30 مارچ 2018ء سے فلسطین کے علاقے غزہ میں جاری حق واپسی اور انسداد ناکہ بندی غزہ کے عنوان سے مظاہروں میں اسرائیلی فوج کے طاقت کے استعمال کے نتیجے میں 300 فلسطینی شہید اور 31 ہزار سے زاید زخمی ہوچکے ہیں۔