اسرائیل کی حکمراں جماعت ‘لیکوڈ’ اور دوسری شدت پسند جماعتوں کے مابین حکومت کی تشکیل کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں۔ بدھ کے روز لیکوڈ پارٹی اور آوی گیڈور کی ‘یسرائیل بیتونو’ کے رہ نمائوں کے درمیان حکومت سازی کے لیے مشاورت ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتوں نے مشاورت میں جزوی طور پر وزارت دفاع کا قلم دان آوی گیڈور لائبرمین کو دینے سے اتفاق کیا ہے۔
اسرائیلی اخبار ‘یدیعوت احرونوت’ نے اجلاس میں شریک بعض لیڈروں کے حوالے سے بتایا کہ مشاورتی اجلاس میں لائبرمین کو وزارت دفاع کا قلم دان سونپے جانے سے متعلق اتفاق کیا گیا ہے۔ اخباری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیتن یاھو اور لائبرمین کی جماعتوں کی مشاورت کے بعد حکومت کی تشکیل میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ اس کے بعد دوسری جماعتوں کے ساتھ بھی شراکت اقتدار کے لیے مذاکرات میں پیش رفت کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ لائبرمین کی طرف سے حکومت میں شمولیت کے لیے یہ شرط عاید کی گئی تھی کہ نئی حکومت غزہ کی پٹی میں اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے ساتھ سختی سے نمٹنے کی یقین دہانی کرائے۔