کویت کی پارلیمنٹ ‘مجلس الامۃ’ کے اسپیکر مرزوق الغانم نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی خطے میں ایک نئی جنگ کی راہ ہموار کر رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا نے خطے میں ایک نئی جنگ کا ماحول بنا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کے خارجی اور داخلی حالات اطمینان بخش نہیں بلکہ جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں۔
کویتی اخبار ‘الانباء’ کے مطابق مرزوق الغانم نے کہا کہ اس وقت جس طرح کی معلومات اور اطلاعات سامنے آ رہی ہیں وہ افسوسناک ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خلیجی ریاستوں میں پائی جانے والی کشیدگی کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان محاذ آرائی خطے میں ایک نئی جنگ کی طرف لے جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں امریکا نے ایرانی تیل کی عالمی منڈی تک سپلائی روک دی تھی اور ایران کی طرف سے ممکنہ رد عمل کے پیش نظر امریکا نے اپنا جنگی بیڑا اور جنگی طیارے مشرق وسطیٰ پہنچا دیئے ہیں۔