فلسطین میں انسانی حقوق کے ایک آزاد گروپ کے ڈائریکٹر اور ممتاز قانون دان فرید الاطرش نے کہا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کی جیلوں میں قید شہریوں پر تشدد کی آزادانہ تحقیقات کی جانی چاہیے۔
مرکز اطلاعات فلسطین سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فرید الاطرش نے کہا کہ فلسطینی وزیراعظم محمد اشتیہ جیلوں سیاسی بنیادوں پر قید فلسطینیوں کی رہائی اور ان پر تشدد کے خاتمے سے متعلق اپنے وعدے پورے نہیں کر سکے ہیں۔ انہیں جیلوں میں قید فلسطینیوں پر تشدد کا سلسلہ بند کرانے اور تشدد میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانی چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں فلسطین الاطرش کا کہنا تھا کہ فلسطین میں شہری آزادیوں کو دبانے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔ سیاسی بنیادوں پر شہریوں کو پابند ساسلاسل کرنے اور بنیادی حقوق پامال کرنے کا کوئی جواز نہیں۔
انہوں نے وزیراعظم محمد اشتیہ پر زور دیا کہ وہ فلسطینی ملیشیا کو طلباء کے تعاقب سے باز رکھنےکے لیے موثر اقدامات کرے اور شہریوں کی سیاسی بنیادوں پر پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بند کیا جائے۔
فرید الاطرش نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی کی جیلوں میں قیدیوں کو وحیشانہ تشدد کا سامنا ہے۔ صحافیوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور طلباء کو دوران حراست تشدد کرنے والےعناصر کا کڑا محاسبہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی شہری آزادیوں سے متعلق قوانین پر عمل درآمد کے بجائے ان کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔