ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ قضیہ فلسطین اور القدس کے مسئلے کے حل کے لیے موثر اقدامات کرے۔
ترک صدر نے انقرہ میں غیرملکی سفیروں کے لیے منعقدہ ایک افطار پارٹی سے خطاب میں کہا ہے کہ عالمی برادری نے قضیہ فلسطین کو پس پشت ڈال دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی قضیہ فلسطین اور القدس کے مسئلے کے موثر، دیر پا اور منصفانہ حل کی کوششیں جاری رکھے گا۔
ترک صدر نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں چند ایام قبل اسرائیلی بمباری اور اس میں غزہ میں اناطولیہ نیوز ایجنسی کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی۔
طیب اردوآن نے کہا کہ صہیونی ریاست ذرائع ابلاغ کو نشانہ بنا کر اپنے ریاستی جرائم دنیا سے چھپانے میں کامیاب نہیں ہوسکتی۔
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بمباری کر کے 30 فلسطینی شہید اور 200 زخمی کر دیے تھے۔ بمباری کے نتیجے میں 500 کے قریب عمارتیں تباہ ہوگئی تھیں۔
قابض فوج نے غزہ میں 7 منزلہ ایک عمارت پر 5 میزائل داغے جس کے نتیجے میں عمارت زمین بوس ہوگئی۔ اس میں اناطولیہ نیوز ایجنسی کا دفتر بھی تھا۔