فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری میں 25 فلسطینیوں کو شہید کر دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق ہفتے اور اتوار کے روز اسرائیلی فوج نے غزہ میں 295 فضائی حملے کیے اور320 سے زاید مقامات جن میں شہری تنصینات، مکانات، مساجد اور اسکول شامل ہیں کو بمباری سے نشانہ بنایا گیا۔
مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق صہیونی فوج نے شہریوں کے مکانات، دفاتر اور فلسطینی مزاحمتی مراکز پر بم باری کی۔ ہفتے کے روز ایک شیر خوار اور حاملہ خاتون سمیت ایک درجن فلسطینی شہید کر دیے گئے، جبکہ 150 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے غزہ میں 4 کثیرالمنزلہ رہائشی عمارتوں کو بمباری میں تباہ کردہ، تین گھروں کو میزائل حملوں سے اڑا دیا گیا اور جب کہ ابلاغی اداروں کے تین مراکز تباہ کیے۔ قابض فوج نے غزہ میں 12 عسکری تربیتی مراکز،10 مزاحمتی رصدگاہوں، ایک گاڑی، ایک رکشے، ایک موٹرسائیکل اور چار ایمبولینسوں کو نشانہ بنایا۔