غزہ کی پٹی میں جمعہ کے روز واپسی کے عظیم مارچ میں شرکت کرنے والے پر امن مظاہرین پر قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے درجنوں فلسطینی شہری زخمی ہوگئے۔
وزارت صحت کے ترجمان أشرف القدرة نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 60 فلسطینی زخمی ہوئے جن میں 15 بچے، طبی رضاکار اور صحافی شامل ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے نمائندے نے کہا کہ اشک اور گیس کے گولوں کی وجہ سے درجنوں مظاہرین کو سانس کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
واپسی کے عظیم مارچ کے 56 ویں جمعہ کے موقع پر سینکڑوں فلسطینیوں نے غزہ کی پٹی اور 1948 کے مقبوضہ علاقے کی درمیانی سرحد کے ساتھ مظاہرے کیے ۔
غزہ کی پٹی کے فلسطینیوں نے واپسی کا عظیم مارچ پناہ گزینوں کی فلسطینی علاقوں میں واپسی اور 13 سال سے محصور علاقوں کا محاصرہ ختم کرنے کی شرائط کے ساتھ 30 مارچ 2018 کو شروع کیا تھا ۔
سرحدی مظاہروں کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فوج کے ہاتھوں 284 فلسطینی شہید اور تقریبا 32000 زخمی ہوئے ہیں۔