مسجد اقصیٰ کے حفاظتی عملے کے کمروں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں کمروں میں موجود کپڑے اور دیگر قیمتی سامان جل کر خاکستر ہو گیا تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق مسجد اقصیٰ کے مصلیٰ المروانی کے اوپر بنائے گئے متعدد کمروں میں آگ بھڑک اٹھی، جس نے متعدد کمروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایاکہ آگ نے اچانک مصلیٰ المروانی کے مقام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ مسجد اقصیٰ کے انتظامی حکام اور فائر بریگیڈ نے فوری مداخلت کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔
آتش زدگی کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی تاہم حکام نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
خیال رہے کہ مصلیٰ المروانی میں 16 کمرے ہیں۔ چار دونم پر پھیلی اس جگہ میں ایک بڑی نماز گاہ ہے۔