قابض صہیونی فوج کی طرف سے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں فلسطینی اسکولوں پر آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں مزید دسیوں طلباء اور اساتذہ زخمی ہوگئے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ نگار نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے الخلیل شہر کے متعدد اسکولوں پر آنسوگیس کی شیلنگ کی۔ قابض فوج کی طرف سے الخلیل پرائمری اسکول، طارق بن زیاد اسکول، الھاجریہ پرائمری اسکول اور خدیجہ بنت خویلد پرائمری اسکول پر اس وقت حملے کیے جب طلباء اسمبلی میں شریک تھے۔ جس کے نتیجے میں اسکولوں کے اساتذہ اور دسیوں طلباء زخمی ہوگئے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ صہیونی فوج کی آنسوگیس کی یلغار کے نتیجے میں درجنوں طلباء زخمی ہوئے جنہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ آنسوگیس کی شیلنگ کے بعد کئی اسکولوں کو خالی کر دیا گیا۔
قابض فوج نے کئی فلسطینی شہریوں کی گاڑیاں ضبط کرلیں اور ان کی چابیاں ان کے مالکان سے چھین لی گئیں۔