اسرائیل کی لیبر پارٹی نے وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کا مقبوضہ مغربی کنارے کی یہودی کالونیوں کو صہیونی ریاست میں ضم کرنے کا منصوبہ مسترد کر دیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق لیبر پارٹی کے سربراہ آوی گیبائی نے کہا ہےکہ وہ غرب اردن کی یہودی کالونیوں کو اسرائیل میں ضم کرنے کے اعلان کو تسلیم نہیں کرتے۔
عبرانی ریڈیو پر نشر ایک بیان میں مسٹر گیبائی کا کہنا تھا کہ وہ فلسطینیوں کی علاحدگی اور تنازع کے سیاسی حل کی حمایت کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ رائے عامہ کے حالیہ جائزوں کے مطابق لیبر پارٹی 9 اپریل کو ہونے والے انتخابات میں تیسری بڑی جماعت بن کر سامنے آسکتی ہے۔
مسٹر گیبائی کا مزید کہنا ہے کہ وہ یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ آیا حکومت امن کی خاطر کوئی پیش قدمی کرتی ہے یا نیتن یاھو کی نسل پرستی اور کرپشن کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
ادھر سابق اسرائیلی وزیراعظم موشے یعلون نے کہا ہے کہ نیتن یاھو کی طرف سے غرب اردن کو صہیونی ریاست سے الحاق کرنے کی بات اس بات کا اشارہ ہے کہ وہ اپنے سیاسی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں۔