چهارشنبه 30/آوریل/2025

جمعہ کے روز غزہ میں اسرائیلی فوج کی فلسطینی مظاہرین پر شیلنگ، 83 زخمی

ہفتہ 6-اپریل-2019

اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں جمعہ کی شام فلسطینی مظاہرین پر براہ راست فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں کم سے کم 83 فلسطینی زخمی ہوگئے۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق جمعہ کے روز مشرقی غزہ میں فلسطینیوں کی بڑی تعداد نے حق واپسی اور انسداد ناکہ بندی ریلیاں نکالیں۔ اسرائیلی فوج نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان کے خلاف آنسوگیس کی شیلنگ کی اور سیدھی گولیاں چلائیں، جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی زخمی ہو گئے۔

فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کو مشرقی غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 83 فلسطینی شہری زخمی ہوئے۔ زخمی ہونے والے بعض شہریوں کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔

خیال رہے کہ غزہ کے علاقے میں فلسطینیوں کا عظیم الشان مارچ دوسرے سال میں جاری ہے۔ یہ احتجاج 30 مارچ 2018ء کو فلسطین میں یوم الارض کے موقع پر شروع کیا گیا تھا۔ ہر جمعہ کو فلسطینی شہری احتجاج کے لیے غزہ کی مشرقی سرحد پر جمع ہوتے اور صہیونی ریاست کے خلاف نعرے لگاتے ہیں۔

اسرائیلی فوج کی طرف سے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا مسلسل استعمال کیاجاتا ہے جس کے نتیجے میں اب تک 300 کے قریب فلسطینی شہید اور 31 ہزار زخمی ہوچکے ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی