شام کے شہر حلب کے ہوائی اڈے کے قریب اسلحہ گودام پر اسرائیلی جنگی طیاروں نے بمباری کی جس کے نتیجے میں اسلحہ، گولہ بارود تباہ ہو گیا۔ تاہم اس حملے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق شام میں انسانی حقوق کی صورت حال پر نظر رکھنے والے ادارے ‘سیرین آبزر ویٹری’ نے بتایا کہ حلب میں ایران کے ایک اسلحہ گودام پر اسرائیلی بمباری سے کم سے کم چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
انسانی حقوق گروپ کے مطابق حلب میں اسرائیلی بمباری کے بعد پورے شہر میں بجلی کا نظام درہم برھم ہوگیا۔
ادھر شام کے ایک عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی طیاروں کی بمباری کے جواب میں شامی محکمہ دفاع نے کارروائی کی تاہم اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے حلب کے صنعتی علاقے میں تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں۔
شامی فوج کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے حلب کے شمال مشرق میں الشیخ کے مقام پر ایک صنعتی زون کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی طیاروں نے متعدد بم گرائے جس کے نتیجے میں صنتعی تنصیبات کو مادی نقصان پہنچا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ رات گئے حلب کے ہوائی اڈے کے قریب واقع گوداموں میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ حالیہ عرصے کے دوران شام میں ایران اور حزب اللہ کی تنصیبات پر ایرانی حملوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔
دمشق میں 21 جنوری کو اسرائیلی جنگی طیاروں نے بمباری کی جس کے نتیجے میں ایرانی پاسداران اور ایرانی ملیشیا کے 21 جنگجو ہلاک ہوگئے۔