اسرائیلی حکام کے مطابق پیر کو علی الصبح تل ابیب کے شمال میں راکٹ گرنے کے بعد ایک گھر میں آگ بھڑک اٹھی۔ اس کے نتیجے میں گھر میں موجود 7 افراد زخمی ہو گئے۔
قابض اسرائیلی فوج نے اپنی ٹویٹ میں بتایا ہے کہ غزہ پٹی سے داغا جانے والا راکٹ پیر کی صبح مقامی وقت کے مطابق 3:20 پر ایک گھر پر گرا۔ ٹویٹ کے ساتھ ایک وڈیو بھی پوسٹ کی گئی جس میں طبی امداد کے ارکان متاثرہ گھر کے ملبے کے درمیان کارروائی میں مصروف نظر آ رہے ہیں۔
اس حوالے سے اسرائیلی پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ تل ابیب کے شمال میں واقع قصبے میشمیرت میں گرنے والے راکٹ سے ایک گھر کو شدید نقصان پہنچا۔
مذکورہ قصبہ غزہ پٹی سے 80 کلو میٹر سے زیادہ کی دوری پر واقع ہے۔
دوسری جانب صحرائے نقب کی جیل میں قابض اسرائیلی فوج کی کارروائی کے دوران ایک فلسطینی قیدی جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویش ناک ہے۔ اسرائیلی فوجیوں نے جیل پر دھاوا بول کر قیدیوں کو زدوکوب کیا اور ان آنسو گیس استعمال کی۔ اسرائیلی فوج کا دعوی ہے کہ کارروائی سے قبل گرفتار شدگان کو جیل کے دوسرے شعبوں میں منتقل کیے جانے کے دوران دو اسرائیلی پہرے داروں کو چاقو سے حملے کا نشانہ بنایا گیا۔