فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج نے توپ خانے سے فلسطینی مزاحمتی رصد گاہ پر گولہ باری کی جس کے نتیجےمیں کم سے کم 7 فلسطینی زخمی ہوگئے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کے جنوبی علاقے رفح کے مشرق میں خان یونس کے قریب واقع ‘حماس’ کے ایک مرکز کو نشانہ بنایا۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی فلسطینیوں کی طرف سے یہودی کالونیوں پر دھماکہ خیز اور آتش گیر غبارے پھینکنے کے رد عمل میں کی گئی۔
ادھر اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق غزہ کے اندر سے سرحد کی دوسری جانب واقع ‘شاعر ھنیگیو’ یہودی کالونی میں دھماکہ خیز مواد سے لیس ایک غبارہ گرنے کے بعد دھماکے سے پھٹ گیا۔ تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
فلسطینی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے پھٹنے والے مواد کی چھان بین تو پتا چلا کہ اس میں تباہ کن دھماکہ خیز مواد بھرا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے غزہ کی سرحد کے قریب آنے والے فلسطینیوں پر بھی فائرنگ کی۔