’’مقبوضہ مغربی کنارے میں سرگرم اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ اسرائیلی جرائم کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔‘‘ حماس نے خبردار کیا کہ اسرائیل آنے والے دنوں میں بہت سے ’’سرپرائزز‘‘ کے لئے تیار رہے۔
اس امر کا اعلان بدھ کے روز نابلس میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں دو نوجوانوں کی شہادت کے بعد ایک بیان کی صورت میں سامنے آیا۔
حماس کا کہنا تھا کہ ’’اسرائیلی جرائم کا بدلہ چکانے کے لئے مزاحمت کار جانبازوں کے سامنے تمام راستے کھلے ہیں۔‘‘بیان کے مطابق مغربی کنارے میں اسرائیلی جرائم کا تسلسل فلسطینی عوام کا جذبہ مزاحمت کمزور نہیں کر سکتا۔
’’نابلس میں دو نوجوانوں کی اسرائیلی فوج کے ہاتھ شہادت نے صہیونی فوج کی بزدلی اور نااہلی آشکار کر دی ہے۔ اسرائیلی فوج کو مزاحمت کے جانبازوں کا سامنا کرنے کا یارا نہیں ہے۔‘‘
یاد رہے بدھ کے روز رات گئے اسرائیلی فوج نے نابلس شہر میں حضرت یوسف علیہ السلام کے مقبرہ کے قریب ایک کار پر فائرنگ کر کے دو فلسطینی نوجوانوں کو بغیر کسی وجہ کے شہید کر دیا۔