اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے رہ نما اور فلسطینی پارلیمنٹ کے رکن حسن یوسف نے مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی میں سیاسی بنیادوں پر گرفتاریوں کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس رہ نما کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ اور غرب اردن میں سیاسی جماعتوں اور کارکنوں کی گرفتاریاں ناقابل قبول اور ملک میں قومی مصالحتی کوششوں کو نقصان پہنچانے کا موجب بن رہی ہیں۔
حسن یوسف نے غزہ اور غرب اردن کی مقتدرہ پر زور دیا کہ وہ سیاسی جماعتوں کے اظہار رائے پر پابندیاں عاید کرنے کے بجائے آزادی اظہار رائے کی مکمل آزادی فراہم کرے اور ملک میں مثبت سیاسی ماحول کی تشکیل میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
انہوں نے تمام فلسطینی دھڑوں سے اپیل کی کہ وہ قومی مفادات کو گروہی اور جماعتی مفادات پر ترجیح دیں اور اندرونی اختلافات بھلا کر قضیہ فلسطین کے لیے اور امریکا کی صدی کی ڈیل کی سازش کے خلاف مل کر جدو جہد کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام فلسطینیوں کو اظہار رائے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔ عوامی سیاسی قوتوں کو انتخابات کے لیے ماحول سازگار بنانے کی خاطر ایک دوسرے کے خلاف نا مناسب زبان کے استعمال سے گریز کرنا ہوگا۔