قطر کے ایک آرٹسٹ کی جانب سے مسجد اقصیٰ کے تاریخی مقام’قبۃ الصخرۃ’ کا تیار کردہ ماڈل ترک صدر طیب ایردوآن کو تحفے میں پیش کیا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قطری آرٹسٹ عبدالسلام القاضی نے کرسٹل کے ہزاروں ایسے فن پارے تیار کررکھے ہیں جن میں مسجد اقصیٰ اور قبۃ الصخرہ کے ماڈل بھی شامل ہیں۔
قطری آرٹسٹ نے کرسٹل کے ہزاروں ٹکڑوںکو جوڑ کر قبۃ الصخرہ کا ایک ماڈل تیار کیا جسے ترک صدر کو ان کی فلسطین اور مسجد اقصیٰ کے لیےخدمات کے اعتراف کے صلے میں تحفے میں پیش کیا گیا۔
قبۃ الصخرہ کے ماڈل کی تیاری میں کرسٹل کے 62 ہزار ٹکڑے اور 64 مختلف رنگ استعمال کیے گئے۔ اس کی تیاری میں تین ماہ کا عرصہ لگا ہے۔
اناطولیہ نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے عبدالسلام القاضی نے کہا کہ اسلام اور عرب اقوام کے حوالے سے میں نے اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا کہ مجھے مسجد اقصیٰ کے قبۃ الصخرہ کا ایک ماڈل تیار کرنا چاہیے۔ اس کے لیے میں نے دن رات ایک کردیے۔ اس نے کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ میں نے قبۃ الصخرہ کے تیار کردہ ماڈل کو ایک ایسی شخصیت کو تحفے میں پیش کیا جوبجا طورپر اس کا حق دار ہے۔