اسلامی جہاد نے خبردار کیا ہے کہ مسجد اقصیٰ کے تقدس کو نقصان پہنچا تو اس کا ذمہ دار اسرائیل ہوگا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامی جہاد کے رہ نما الشیخ خضر حبیب نے غزہ میں دفاع قبلہ اول ریلی سے خطاب میں کہا کہ اسرائیلی حکومت اور اس کی پوری ریاستی مشینری قبلہ اول کے خلاف ریشہ دوانیوں کی مرتکب ہے۔ اگر قبلہ اول کو نقصان پہنچتا ہے تو صہیونیی ریاست اس کی ذمہ دار ہوگی اور اسرائیل کو اس کی بھاری قیمت چکانا ہوگی۔
الشیخ خضر حبیب کا کہنا تھا کہ مسجد اقصیٰ سرخ لکیر ہے اور اس کا دفاع پوری مسلمہ پر فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ کا ایک ایک چپہ مقدس ہے اور اس میں یہودیوں کی طرف سے بے حرمتی مسلمانوں کے تیسرے مقدس ترین مقام پر حملے کے مترادف ہے۔
اسلامی جہاد کے رہ نما کا کہنا تھا کہ صہیونی ریاست کی طرف سے مسجد اقصیٰ کے خلاف جارحانہ اقدامات مقدس مقام کا تشخص تبدیل کرنے اور القدس کو یہودیانا ہے۔
انہوں نے صہیونی جارحیت کے خلاف مسجد اقصیٰ کے دفاع کے لیے فلسطینی قوم کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو عرب دنیا میں ایک استعماری طاقت کے طور پر گاڑھا گیا ہے۔ اس کے پیچھے دنیا کی استعماری قوتیں اسرائیلی ریاست کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرتی ہیں۔
اسلامی جہاد نے اسرائیلی ریاست کے جرائم کی مذمت کرتے ہوئے مزید کہا کہ اسرائیل کی وجہ سے پورا مشرق وسطیٰ اور عرب ممالک عدم استحکام سے دوچار ہوچکے ہیں۔