فلسطین میں ابلاغی اداروں کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں سوشل میڈیا کے ذریعے فلسطینیوں کے خلاف نفرت پھیلانے کے حوالے سے لرزہ خیز اعدادو شمار بیان کیے گئے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2018ء کے دوران فلسطینیوں کے خلاف سوشل میڈیا پر نفرت کو ہوا دینے کے رجحان میں اضافہ دیکھا گیا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ‘فیس بک’ فلسطینی قوم کے خلاف نفرت پھیلانے کے لیے غاصب صہیونیوں کاموثر پلیٹ فارم بن چکا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق یہ رپورٹ ‘عرب سوشل ڈویلپمنٹ سینٹر’ کی طرف سے جاری کی گئی ہے جس کی ایک نقل مرکزاطلاعات فلسطین کوبھی موصول ہوئی ہے۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سال 2018ء کے دوران سوشل میڈیا پر فلسطینیوں کے خلاف نفرت پر مبنی پوسٹ اوسطا ہر 66 سیکنڈز کے بعد شائع کی جاتی رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گذشتہ برس فیس بک، ٹویٹر اور دیگر سوشل میڈیا لنکس پر فلسطینیوں کے خلاف نفرت پرمبنی 4 لاکھ 74 ہزار پوسٹیں شائع کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق 2017ء میں ہر 71 سکینڈ کے بعد فلسطینیوں کے خلاف نفرت پرمبنی پوسٹ شائع کی جاتی جب کہ 2018ء میں اس میں مزید اضافہ ہوا اور ہر 66 سکینڈز کےبعد فلسطینیوں کے خلاف اشتعال انگیز پوسٹ شائع کی جاتی رہی ہے۔ 2017ء میں فلسطینیوں کے خلاف منافرت پرمبنی کل 4 لاکھ 45 ہزار پوسٹیں شائع کی گئیں۔ ہر 10 میں سے ایک پوسٹ فلسطینیوں کے خلاف تشدد پر اکسانے اور دہشت گردی کی حمایت پرمشتمل تھی۔