پنج شنبه 08/می/2025

زیر آب گیس کے وسائل پر اسرائیلی اجارہ داری قبول نہیں کریں گے: لبنان

ہفتہ 9-مارچ-2019

لبنان نے باور کرایا ہے کہ بیروت زیر سمندر قدرتی گیس کے اپنے حصے کے وسائل سے دست بردار نہیں ہوگا اور اسرائیل، قبرص اور یونان کے درمیان گیس پائپ لائن منصوبے سے اپنا حق ضرور حاصل کرے گا۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق لبنان کے وزیرخارجہ جبران باسیل نے ایک بیان میں‌بتایا کہ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور جنرل اسمبلی کی صدر،یورپی یونین کی خارجہ سیکیورٹی کمیٹی کے سربراہ ، قبرص، یونان اور اٹلی کے وزراء خارجہ کو مکتوب ارسال کیے ہیں جن میں اسرائیل سے قبرص، یونان اور اٹلی تک گیس پائپ لائن منصوبے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ لبنان زیرسمندر گیس کے وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھائے گا اور کسی ایک ملک کی آبی اور قدرتی گیس کے وسائل پر اجارہ داری قائم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

لبنانی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ بیروت خطے میں اپنے اقتصادی حقوق کو غصب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دے گا۔ لبنان نے اس حوالے سے اقوام متحدہ اور دیگر تمام متعلقہ فریقوں کو خبردار کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ سمندری حدود کے حوالے سے اسرائیل اور لبنان کے درمیان تنازع برقرار ہے۔ لبنان اسرائیل پر بیروت کے حصے کے 860 کلو میٹر علاقے پر غاصبانہ قبضے کا دعویٰ کرتا ہے۔ سمندر کے اس حصے میں زیرآب گیس کے وسیع ذخائر کا انکشاف ہوا ہے۔ سنہ 2009ء کی فزیبلٹی رپورٹ کے مطابق زیرآب 96 کھرب مکعب فٹ گیس اور 8 کروڑ 85 لاکھ بیرل تیل موجود ہے۔

مختصر لنک:

کاپی