سعود عرب نے اسامہ بن لادن کے صاحبزادے حمزہ بن لادن کی سعودی شہریت منسوخ کر دی ہے۔
سعودی عرب کے حکومت نواز اخبار ‘عکاظ’ میں شائع رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا ہے کہ شاہی فرمان کے تحت اسامہ بم لادن کے بیٹے حمزہ بن لادن کی سعودی شہریت منسوخ کردی گئی ہے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب کی طرف سے حمزہ بن لادن شہریت کی منسوخی کا فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب دو روز قبل امریکا نے حمزہ بن لادن کی گرفتاری میں معلومات فراہم کرنے پر ایک ملین ڈالر کا انعام مقرر کیا ہے۔
امریکا کو خدشہ ہے کہ حمزہ بن لادن القاعدہ کی قیادت اپنے ہاتھ میں لے سکتا ہے کیونکہ تنظیم میں اسے ‘ولی عہد الجھاد’ کا لقب دیا گیا ہے۔
حمزہ بن لادن کے مصدقہ ٹھکانے کے بارے میں کوئی اطلاعات نہیں تاہم اس کی پاکستان ، افغانستان یا ایران میں جبری نظر بندی کا امکان ظاہر کیاجاتا ہے۔
مئی 2017ء کو امریکی تحقیقاتی ادارے’ایف بی آئی’ کے ایک سابق افسر نے امکان ظاہر کیا تھا کہ حمزہ کو القاعدہ کی قیادت سونپی جاسکتی ہے اور وہ اپنے والد کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے کچھ بھی کرسکتا ہے۔
القاعدہ کے ایک سابق عہدیدار علی سوفان نے ایک امریکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ 28 سالہ حمزہ بن لادن تنظیم میں پائے جانے والے اختلافات دور کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔