جمعه 02/می/2025

بیت المقدس میں اسرائیلی مذہبی اشتعال انگیزی ناقابل قبول ہے: اردن

پیر 25-فروری-2019

اردن نے ایک بار پھر مقبوضہ بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کے خلاف صہیونی مذہبی اشتعال انگیزی کی مذمت کرتے ہوئے صہیونی ریاست پر القدس کے تاریخی تشخص کے حوالے سے عالمی قانون کی پاسداری کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اردنی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد اقصٰی کے انتظامی امور کےحوالے سے قائم کردہ کمیٹی بین الاقوامی قوانین کے مطابق کام کر رہی ہے جب کہ اسرائیل مذہبی اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بین الاقوامی قوانین اور مذہبی آزادیوں کو پامال کر رہا ہے۔

بیان میں مسجد اقصٰی کے انتظامی امور کے ذمہ داروں اور القدس میں محکمہ اوقاف کے ذمہ داروں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی غنڈہ گردی کو مسترد کر دیا ہے۔ بیان میں محکمہ اوقاف کے سربراہ الشیخ عبدالعظیم سلھب اور ان کے نائب الشیخ ناجح بکیرات کی گرفتاری اور پوچھ تاچھ کی شدید مذمت کی ہے۔

اردنی وزارت خارجہ کے ترجمان سفیان القضاۃ کا کہنا ہے کہ  القدس اور مسجد اقصٰی کے حوالے سے اسرائیلی فوج کی غنڈہ گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ القدس اور مسجد اقصٰی کے خلاف صہیونی فوج اور پولیس کی کارروائیاں مذہبی اشتعال انگیزی ہے جس کے نتیجے میں کشیدگی اور گھٹن پیدا ہوگی۔

مختصر لنک:

کاپی