فلسطین کی سپریم علماء کونسل نے مسجد اقصیٰ پر صہیونی یلغار کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری قوم کو قبلہ اول کی طرف رخت سفر باندھنے پر زور دیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی علماء کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی قوم مقدس مقامات اور مسجد اقصیٰ کے دینی تشخص کے تحفظ کے لیے قبلہ اول کا رخ کرنا ہوگا۔
بیان میں مزید کہا گیا صہیونی دشمن کی طرف سے قبلہ اول کی بے حرمتی کا مکروہ سلسلہ جاری ہے۔ صہیونی ریاست قبلہ اول کے حوالے سے جرائم پر جرائم کرتی جا رہی ہے اور اسرائیل کے تمام اقدامات آسمانی مذاہب کی تعلیمات کی توہین اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
بیان میں عالم اسلام کے علماء پر زور دیا گیا ہے کہ وہ قبلہ اول کے دفاع کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور مسلمان عوام پر قبلہ اول کی اہمیت کا اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ القدس اور قبلہ اول کے حوالے سے عالم اسلام کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالیں۔
فلسطینی علماء کونسل نے عرب ممالک کی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ دوستانہ مراسم کے قیام کے لیے کوششیں بند کریں اور فلسطینی قوم کے خلاف جاری صہیونی ریاست کے جرائم کی روک تھام اور قبلہ اول کے دفاع کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔