مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کےمعاون خصوصی اور ان کے داماد جارڈ کوشنرنے کہاہے کہ فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان امن کے قیام کے لیے ‘صدی کی ڈیل’ نامی امن منصوبے کا اعلان اسرائیل میں 9 اپریل کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے بعد کیا جائے گا۔
عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق جارڈ کوشنر نے پولینڈ کے دارالحکومت ‘وارسا’ میںہونے والی مشرق وسطیٰ کانفرنس کے موقع پر کانفرنس میں شریک ممالک کے وزراء خارجہ سے بند کمرے میںبات چیت کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جارڈ کوشنر نے وزراء خارجہ کو بتایا کہ امریکا ‘صدی کی ڈیل’ منصوبے کا اعلان اسرائیل میں نو اپریل کو ہونے والے انتخابات کے بعد کرے گا۔
عبرانی ٹی وی چینل 13 اور اخبار’ہارٹز’ کے مطابق امریکی امن منصوبے میں فلسطینیوں اور اسرائیل دونوں سے کہا گیا جائے گا کہ وہ اپنے اپنے موقف سے پیچھے ہٹیں۔
خیال رہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب امریکی حکام نے صدی کی ڈیل نامی امن منصوبے کے اعلان کے بارے میں وضاحت کی ہے۔
فلسطینی اتھارٹی امریکا کے مجوزہ امن پلان کو مسترد کرچکی ہے۔ فلسطینی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ امریکی امن پلان میں القدس کواسرائیل کے حوالے کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس لیے اس لیے اس منصوبے کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ فلسطینی اتھارٹی پرامریکا اپنے اتحادیوں کی مدد سے دبائو ڈالنے کی کوشش کررہا ہے۔