عرب لیگ نے اسرائیلی حکومت اور دیگر ریاستی اداروں کی فلسطینی اسیران کے حوالے سے اختیار کردہ ظالمانہ پالیسی کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ صہیونی ریاست ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت فلسطینی قیدیوں کو سسک سسک کر مرنے اور اذیت کی موت سے دوچار کرنے کی مجرمانہ پالیسی پرعمل پیرا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق عرب لیگ نے اسرائیلی جیل میں صہیونی ریاست کی مجرمانہ غفلت اور غیرانسانی سلوک کے نتیجے میں شہید ہونے والے فارس بارود کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عرب لیگ فارس بارود کے شہادت کو اسرائیل کا ماورائے عدالت قتل قرار دیتے ہوئے اس کی تمام تر ذمہ داری صہیونی ریاست پرعاید کرتی ہے۔
عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل کے معاون برائے امور فلسطین سعید ابو علی نے ایک بیان میں کہا کہ فارس بارود کی اسرائیلی عقوبت خانے میں شہادت صہیونی ریاست کے فلسطینی اسیران کے حوالے سے جرائم کی ایک نئی کڑی ہے۔ عرب لیگ اسرائیلی زندانوں میں پابند سلاسل فلسطییوں کےتحفظ کے لیے ہرممکن اقدامات کرے گی۔
خیال رہے کہ دو روز قبل اسرائیلی جیل میں ایک فلسطینی فارس بارود 28 سال قید رہنے کے بعد علاج سے محروم رہنے اور غیرانسانی ماحول میں رکھے جانے کے باعث جاں بحق ہو گیا تھا۔
عرب لیگ نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیلی عقوبت خانوں میں قید فلسطینیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں اور فلسطینی اسیران کو اذیت کی موت سے دوچار کرنے کی صہیونی ریاست کی پالیسی کو ناکام بنائیں۔