فلسطینی وزیر برائے اوقاف اور مذہبی امور یوسف ادعیس نے کہا ہے کہ صہیونی ریاست کی چیرہ دستیوں اورجرائم کی وجہ سے فلسطین میں مقدس مقامات غیر محفوظ ہوگئے ہیں۔ اسرائیلی ریاست اور یہودی شرپسند سب فلسطین میں عبادت گاہوں کونقصان پہنچانے کے لیے ایک ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی وزیر نےایک بیان میں مشرقی رام اللہ میں مسجد دیر دبوان کی بیرونی دیواروں پر نسل پرستانہ چاکنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی مسلمانوں کے مقدس مقامات کو نقصان پہنچا کر آگ سے کھیل رہے ہیں۔ فلسطین کی تمام مقدسات اب غیر محفوظ ہوگئی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں یوسف ادعیس کا کہنا تھا کہ صہیونی حکام کبھی مساجد بند کردیتے ہیں۔ کبھی اذان پر پابندی لگاتے اور کبھی دیگر جرائم کے ذریعے مسلمانوں کے مقدس مقامات کی توہین کرتے ہیں۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ فلسطین کی مساجد اور دیگر تمام عبادت گاہیں عرب ممالک، مسلم دنیا اور عالمی برادری کی فوری توجہ کی متقاضی ہیں۔ عالم اسلام اور عالمی برادری کو فلسطینیوں کے مقدس مذہبی مقامات کے تحفظ کی اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی۔