فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں چند روز پیشتر قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والا ایک فلسطینی شہری اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اتوار کے روز فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی غزہ میں چند روز قبل ایک احتجاجی ریلی پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے دوران زخمی ہونے والا فلسطینی 30 سالہ احمد غازی عباس ابو جبل اسپتال میں جام شہادت نوش کر گیا۔
وزارت صحت کے مطابق حق واپسی ریلیوں کے دوران اسرائیلی گذشتہ ایک سال میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 264 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
خیال رہے کہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں 30 مارچ 2018ء سے علاقے کی ناکہ بندی کے خاتمے اور فلسطینی پناہ گزینوں کی واپسی کے حق میں ہفتہ وار ریلیاں نکالی جاتی اور احتجاجی مظاہرے کیے جاتے ہیں۔ اسرائیلی فوج فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان کے خلاف طاقت کا اندھا دھند استعمال کرتے ہیں جس کے نتیجے میں سیکڑوں فلسطینی جاں بحق اور ہزاروں کی تعداد میں اب تک زخمی ہو چکے ہیں۔