یونان میں سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے اداروں نے صہیونی ریاست کے تعلیمی، سیاسی، سماجی اور تجارتی بائیکاٹ کے لیے ایک پٹیشن پر دستخط لینے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق یونان میں یہ پٹیشن اسرائیل کے بائیکاٹ کے لیے سرگرم بین الاقوامی مہم (B.D.S) کے مطالبے پر تیار کی گئی ہے۔
پٹیشن میں اب تک یونان کے 61 سرکردہ دانشوروں اور دسیوں تحقیق کاروں نے دستخط کیے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ یہودی کالونیوں میں تیار ہونے والی تمام مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے اورمقبوضہ فلسطینی علاقوں میں قائم کی گئی اسرائیلی کالونیوں کے کارخانوں اور اداروں کے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہ کیا جائے۔
پٹیشن میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کےغیر انسانی اور مجرمانہ ہتھکنڈوں کی شدید مذمت کی گئی اور فلسطینی علاقوں میں یہودی آباد کاروی کی روک تھام اور فلسطینی قوم کے خلاف اسرائیل کی نسل پرستی پر پابندی عاید کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔