جمعه 15/نوامبر/2024

بیت المقدس شدید خطرات سے دوچار ہے: عیسائی پادری

ہفتہ 26-جنوری-2019

فلسطین میں رومن آرتھوڈوکس چرچ کے پادری اور عیسائی برادری کے سینیر رہ نما بشپ عطا اللہ حنا نے کہا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس شدید خطرات سے دوچار ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی منظم منصوبہ بندی کے تحت القدس کو یہودیانے کی سازشوں میں مصروف ہے اور عالمی برادری اسرائیلی جارحیت پر خاموش تماشائی ہے۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق بشپ عطا اللہ حنا نے ان خیالات کا اظہار نابلس سے آئے سرکردہ فلسطینی مذہبی شخصیات کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس کی تاریخ، تہذیب، ثقافت اور مذہبی تشخص کو مسخ کرنے کے لیے اسرائیلی ریاست پوری مشینری کے ساتھ سرگرم عمل ہے۔ جعل سازی اور جھوٹ کے ذریعے القدس کی تاریخ مسخ کی جا رہی ہے۔ یہ سب کچھ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب عرب دنیا، عالم اسلام اور عیسائی برادری اسرائیلی ریاست کے حربوں پر خاموش تماشائی ہیں۔

عطا اللہ حنا کا کہنا تھا کہ مقبوضہ بیت المقدس شدید خطرات سےدوچار ہے۔ فلسطینیوں کے درمیان پائے جانے والے انتشار اور ناچاقی سے دشمن کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ عرب دنیا اور عالم اسلام کی کمزوری کے باعث اسرائیل القدس کو یہودیانے کی دن رات سازشیں کر رہا ہے۔

عیسائی رہ نما کا کہنا تھا کہ القدس کویہودی توسیع پسندی سے بچانے کے لیے فلسطینی قوم کو متحد ہونا اور پوری دنیا کو ہمارا ساتھ دینا ہوگا۔

مختصر لنک:

کاپی