اسرائیلی حکومت نے امریکا کی طرف سے فلسطینی اتھارٹی کے سیکیورٹی اداروں کی مالی امداد بند کرنے کے فیصلےپر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ صہیونی حکومت نے امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطینی اتھارٹی کے ماتحت سیکیورٹی اداروں کی مالی امداد جاری رکھے۔
عبرانی زبان میں نشریات پیش کرنے والے ٹی وی چینل 10 کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تل ابیب کو فلسطینی اتھارٹی کی مالی امداد بند کرنے بالخصوص فلسطینی سیکیورٹی اداروں کی امداد روکے جانے پر سخت تشویش ہے۔
خیال رہے کہ امریکی کانگریس نے حال ہی میں ایک بل منظور کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں میں مارے جانے والے امریکیوں کو فلسطینی اتھارٹی کو دی جانے والی رقم سے تاوان ادا کیا جاسکے گا۔
امکان ہے کہ امریکی کانگریس میں منظور ہونے والا قانون آئندہ ماہ فروری میں نافذ العمل ہوگا۔ امریکا میں جاری موجودہ مالی بندش کے باعث اس بل میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں۔
عبرانی ٹی وی چینل کے مطابق تل ابیب کو اس بات پر گہری تشویش ہے کہ امریکا کی طرف سے فلسطینی اتھارٹی کے سیکیورٹی اداروں کی امداد روکے جانے سے صہیونی ریاست کی سلامتی پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے ماتحت سیکیورٹی ادارے غرب اردن میں اسرائیلی فوج کے دست وبازو بنے ہوئے ہیں اور وہ اسرائیلی فوج کو بھرپور مدد فراہم کررہے ہیں۔
حال ہی میں فلسطینی حکومت اور پی ایل او نے امریکا سے فلسطینی اتھارٹی کی مالی امداد بند کرنے کا مطالبہ کیاتھا۔ یہ مطالبہ اس لیے کیا گیا تاکہ امریکا فلسطینیوں کے خلاف کسی قسم کی قانونی کارروائی یا ہرجانے کے لیے امریکیوں کو موقع نہ مل سکے۔