فلسطین کے علاقے غزہ میں اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں نے بیت لاھیا اور عسقلان کے مقامات پر بمباری کی جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہری شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب قابض فوج نے غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بمباری کی جس کے نتیجے میں محمود العبد النباھین شہید اور چار فلسطینی زخمی ہوگئے۔
فلسطینی محکمہ صحت کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی ٹینکوں اور توپ خانے سے کی جانے والی گولہ باری کے نتیجے میں کم سے کم چار فلسطینی زخمی ہوگئے۔
ادھر غزہ کی پٹی کی سرحد پر فلسطینیوں کی فائرنگ سے ایک اسرائیلی فوجی شدید زخمی ہوگیا۔
غزہ میں منگل کے روز اسرائیلی ٹینک سے گولہ باری میں حماس کاایک رکن جاںبحق ہوگیا تھا۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ تازہ گولہ باری سرحد پر دراندازی کے دوران اسرائیلی فوجی کے زخمی ہونے اور عنیگیو کے مقام پر پرتشدد احتجاجی مظاہروں کا رد عمل ہے۔