قابض صہیونی حکام نے مقبوضہ بیت المقدس سے تعلق رکھنےوالے چھ فلسطینیوں پر چھ ماہ تک مسجد اقصیٰ میں داخلے پر پابندی عاید کردی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی محکمہ اوقاف کے شعبہ اطلاعات کے سربراہ فراس الدبس نے کہا کہ صہیونی حکام نے فلسطینی شہریوں احمد ابو علیا، فادی علیان اور لوئی ابو السعدہ کے قبلہ اول میں داخلے پر چھ ماہ کی پابندی عاید کردی ہے۔
فراس الدبس کے مطابق صہیونی حکام نے مسجد اقصیٰ کے محافظوں یحییٰ شحادہ اور سلمان ابو مالیہ پر چار ماہ تک قبلہ اول میں داخلے پر پابندی عاید کی ہے۔ ایک اور فلسطینی جس کی شناخت عوض السلائمہ کے نام سے کی گئی ہے کو بھی چھ ماہ تک قبلہ اول سے بے دخل کیا گیا ہے۔
اسرائیلی پولیس نے گذشتہ روز قبلہ اول پر دھاوا بولا اور قبۃ الصخرۃ میں گھس کرتلاشی کی آڑ میں مقدس مقام کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا۔
صہیونی پولیس نے یہودی آباد کاروں کے دھاوے کے وقت فلسطینی نمازیوں کے لیے مسجد اقصیٰ سیل کردی۔
صہیونی فوج نے نماز ظہر کے لیے آنے والے فلسطینی نمازیوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا اور انہیں قبل اول میں داخل ہونے سے روک دیا۔