فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں ایک زخمی فلسطینی اسیر کا مکان دھماکے اڑا دیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق جنوبی الخلیل میں یطا کے مقام پر واقع فلسطینی شہری خلیل یوسف الجبارین کا مکان علی الصباح دھماکے سے اڑا دیا گیا جس کے نتیجے میں مکان میں مقیم فلسطینی چھت سے محروم ہوگئے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی انجینیرنگ کور کے اہلکاروں کی بھاری نفری نے یطا میں الحیلہ کالونی میں گھس کر تمام فلسطینی اسیر خلیل یوسف کے مکان کا محاصرہ کیا۔ صہیونی فوج نے مکان کی طرف آنے والے تمام راستے سیل کر دیے۔
مقامی سماجی کارکن راتب جبور نے بتایا کہ صہیونی فوج نے اسیر جبارین کے مکان پر چھاپہ مارا اور دو منزلہ مکان میں رہائش پذیر خواتین اور بچوں کو باہر نکال کر سردی میں کھڑا کر دیا۔ اس کے بعد مکان میں جگہ جگہ بارود نصب کیا گیا۔ بعد ازاں مکان کو دھماکے سے اڑا دیا گیا۔ مکان کی مسماری سے 12 افراد بے گھر ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ اسیر 16 سالہ جبارین چار ماہ سے اسرائیلی جیلوں میں قید ہے اور اسے اسرائیلی فوج نے گولیاں مار کر زخمی حالت میں گرفتار کیا تھا۔