لبنان کی سپریم ڈیفینس کونسل نے جنوبی سرحد پر صہیونی فوج کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے صہیونی ریاست کی جانب سے لبنان کی سلامتی اور خود مختاری پر حملہ قرار دیا ہے۔
بیروت میں سپریم ڈیفنس کونسل کے صدر دفتر سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر مشیل عون، وزیراعظم سعد الحریری، کابینہ کے وزراء اور سیکیورٹی اداروں کی قیادت نے ہنگامی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں سرحد پر اسرائیلی فوج کی غیرقانونی سرگرمیوں اور لبنان کی سرحد کی خلاف ورزی پر غور کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل جنوبی سرحد پر "کفر کلا” کے مقام پر کنکریٹ کی دیوار تعمیر کررہا ہے۔ سرحد کے قریب اسرائیلی فوج کی دیوار کی تعمیر لبنان کی سرحد کی کھلی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔
سپریم ڈیفینس کونسل کا کہنا ہے کہ اسرائیل لبنان کی سرحد پر غیرقانونی کارروائیوں کے ذریعے قرارداد 1701 کی کھلی خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنان نے اسرائیل کی سرحدی خلاف ورزیوں کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں شکایت کی ہے۔