ترکی کےوزیراعظم بن علی یلدرم نے کہا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ حق کےحصول، آزادی اور مزاحمت کا عنوان ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے کہا کہ ہم سب کا مشترکہ ہدف ایک آزاد فلسطینی ریاست کاقیام ہے جس میں فلسطینی قوم آزادی کے ساتھ سانس لے سکیں۔
بن علی یلدرم نے ان خیالات کا اظہار استنبول میں’پارلیمان برائے القدس’ کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ اس کانفرنس میں 80 ملکوں کے 500 سے زاید ارکان پارلیمان، سیاسی اور دینی شخصیات اور سماجی رہ نمائوں نے شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ وہ وقت زیادہ دور نہیں جب مقبوضہ بیت المقدس غاصب صہیونی ریاست کے اسلحہ کی گھن گرج کے بجائے اذانوں کی صدائوں سے گونجے گا اور ہرطرف سے آزادی کے نعرے لگائے جائیں گے۔
ترک وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیل خطے میں امن وامان کی ناکامی کا ذمہ دار ہے۔ صہیونی ریاست فلسطینیوں کے خلاف تشدد کا مظاہرہ کرکے فلسطینی قوم کے حقوق کو پامال کررہی ہے۔
انہوںنے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی آباد کاری کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کیا اور کہاکہ غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام اپنے آئینی حق واپسی کے لیے جدو جہد کررہیں۔ ترک غزہ کی پٹی کا معاشی محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔
اس موقع پر ترک پارلیمنٹ کے اسپیکر نے مسلم دنیاسے مطالبہ کیا کہ وہ قبلہ اول اور فلسطینی قوم کے حقوق کے لیے یک آواز ہوجائیں۔