اسرائیل نے امریکا سے لبنان پر اقتصادی پابندیوں کا مطالبہ کیا ہے تاہم امریکا نے صہیونی ریاست کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
اسرائیل کے کثیرالاشاعت عبرانی اخبار "ہارٹز” نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کی سرحد پر لبنانی حزب اللہ کی مبینہ سرنگوں کی موجودگی کے بعد امریکا سے لبنان پر اقتصادی پابندیوں کا مطالبہ کیا ہے۔
اخباری رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے امریکا سے کہا ہے کہ وہ لبنانی شیعہ ملیشیا کی سرحد پر سرنگوں کی ذمہ داری لبنانی فوج اور حکومت پرعاید کرتے ہوئے بیروت پر اقتصادی پابندیاں عاید کرے۔
اسرائیلی اخبار نے بدھ کو اسرائیلی حکومت کے ایک سینیر عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو سے گذشتہ ہفتے برسلز میں ملاقات کے دوران لبنان پر پابندیاں عاید کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
تاہم امریکا نے صہیونی ریاست کی طرف سے اقتصادی پابندیوں کا مطالبہ مسترد کر دیا۔
خیال رہے کہ اسرائیل نے گذشتہ ہفتے شمالی سرحد پر حزب اللہ کی سرنگوں کی موجودگی کا دعویٰ کیا تھا۔ اس کے بعد اسرائیل نے لبنان کی سرحد پر سرنگوں کی تلاش اور اس کی مسماری کے لیے "شمال کی ڈھال” کے عنوان سے نیا آپریشن شروع کیا ہے۔