پاکستان کی مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے اتحاد ملی یکجہتی کونسل کی جانب سے فلسطینی جدوجہد کی حمایت میں "حمایت فلسطین کانفرنس” کا اہتمام کیا گیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق حکمران جماعت مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے سینیٹر راجہ ظفر الحق کا کہنا تھا کہ مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کی مالی مدد کے لیے فنڈز قائم کئے جائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل اور بھارت کے مظالم کی وجہ سے دنیا اب ان کی حمایت نہیں کرتی ہے۔
اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتیں ریاست فلسطین کا وجود ختم کرنے کے درپے ہیں۔ فلسطین کا ایک ریاستی حل کا فارمولا کسی طور پر قبول نہیں ہے۔
کانفرنس میں ڈاکٹر صاحبزادہ ابو الخیر، علامہ راجہ ناصر عباس، ثاقب اکبر سمیت دیگر افراد نے شرکت کی اور فلسطینیوں کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کیا۔