اردن کی وزارت اوقاف نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ ایک ارب 80 کروڑ مسلمانوں کی امانت ہے جس پر کسی دوسری قوم اور ملت یا مذہب کے پیروکاروں کا کوئی حق نہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اردن کے وزیرمذہبی امور اور اوقاف عبدالناصر ابو البصل نے ایک کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ مسجد اقصیٰ کی حفاظت پوری مسلم امہ کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ قبلہ اول پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے حرمین شریفین کی طرح مقدس ہے اور اس پر کسی دوسری قوم کا کوئی حق نہیں۔
انہوں نے کہا کی مسجد اقصیٰ کو تقسیم کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں مگر مسلمان اپنے اس مقدس مقام کو تقسیم کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
ابو البصل نے عمان میں منعقدہ القدس اور مسجد اقصیٰ کی عالمی کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ پوری مسلم دنیا قبلہ اول کے حوالے سے ایک موقف رکھتی ہے۔
کانفرنس میں عرب ممالک، مسلم دنیا کے علماء دانشوروں اور مسیحی رہ نمائوں نے بھی شرکت کی۔
اردنی وزیر اوقاف نے عالم اسلام پر زور دیا کہ وہ قبلہ اول اور القدس کے دفاع کے حوالے سے اپنی صفوں میں اتحاد پیداکریں اور قبلہ اول کی آزادی کے لیے ہونے والی عالمی کوششوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔