اسرائیل کے عبرانی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی انٹیلی جنس ادارے "شاباک” کے سربراہ کی رہائش گاہ کے سامنے سے ایک خفیہ کیمرہ ملا ہے۔ یہ کیمرہ مبینہ طورپر شاباک کے چیف "نداف ارگمان” کی جاسوسی کے لیے نصب کیا گیا تھا۔
عبرانی زبان میں نشریات پیش کرنے والے چینل 7 نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ایک عام شخص شاباک کے سربراہ کی رہائش کے قریب پہنچنے اور اس کے سامنے کیمرہ نصب کرنے میں کامیاب رہا۔ کیمرے میں ارگمان کی آمدو رفت اور ان کے گھر میں آنے اور جانے والوں کی نقل وحرکت ریکارڈ کی گئی تھی۔
ٹی وی چینل کاکہنا ہے کہ خفیہ کیمرے میں نہ صرف شاباک کے سربراہ کی نقل وحرکت کا پتا چلتا ہے بلکہ سڑک پر چلنے والے راہ گیروں کے بارے میں بھی معلومات ملتی ہیں۔
صہیونی حکام نے شاباک کے سربراہ کی مبینہ جاسوسی کی کوشش کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ صہیونیوں نے اس واقعے کی مزید تفصیلات منظرعام پر نہیں لائیں۔