سوڈان کی حکمران جماعت کے ایک سرکردہ رہ نما نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سوڈان عن قریب اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کو خرطوم کے دورے کے دعوت دی جائے گی۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق سوڈان کی حکمراں جماعت کے رکن عبدالسخی عباس نے ایک بیان میں کہا کہ نیتن یاھو کے دورہ خرطوم کے بارے میں اسرائیلی ریڈیو کی رپورٹ کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی ریڈیو کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو عن قریب عرب ممالک کے دورے پر روانہ ہونے والے ہیں۔ وہ اپنے دورے کے دوران افریقی عرب ملک سوڈان بھی جائیں گے۔
سوڈان کی نیشنل کانگریس کے سینیر رہ نما عبدالسخی عباس نے صہیونی ریڈیو کے بیان کو بے بنیاد قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم یا کسی دوسری شخصیت کے خرطوم میں استقبال کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ صہیونی ریڈیو کی رپورٹ بے بنیاد اور جعلی ہے جس میں کوئی صداقت نہیں۔ اس طرح کی افواہیں اسرائیل کی عالمی اور علاقائی تنہائی ختم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔