جمعه 15/نوامبر/2024

ایران کے سرحدی علاقے زلزلے سے لرز اٹھے، 100 افراد زخمی

پیر 26-نومبر-2018

ایران کے مغربی صوبے کرمان شاہ میں 6.3 کی شدت کا زلزلہ آیا ہے اور ا س کے جھٹکے پڑوسی ملک عراق کے دارالحکومت بغداد میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں سے کم سے کم 100 افراد زخمی ہوئے ہیں جب کہ سیکڑوں مکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

امریکا کے ارضیاتی سروے کے مطابق زلزلے کی گہرائی 65 کلومیٹر تھی اور یہ اتوار کی شب ایران کے مقامی وقت کے مطابق 9 بج کر 37 منٹ پر صوبہ کرمان شاہ کے شہر سرپل ذہاب کے نزدیک واقع علاقے میں آیا ہے۔یہ شہر عراق کی سرحد کے نزدیک واقع ہے۔

ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے اطلاع دی ہے کہ ریختر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 6.4 تھی۔اس زلزلے سے نقصانات کا اندیشہ ظاہر کیا گیاہے۔ مابعد زلزلہ  بھی  مختصر  دورانیے کے چار شدید جھٹکے  محسوس کیے گئے ہیں۔

صوبہ کرمان شاہ کے اسی علاقے میں نومبر 2017ء میں بھی شدید زلزلہ آیا تھا ۔ریختر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 7.3 تھی۔اس کے نتیجے میں 620 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔اس زلزلے سے ہمسایہ ملک عراق میں بھی آٹھ افراد مارے گئے تھے۔ کرمان شاہ ہی میں اس سال جولائی میں 5.9 کی شدت کے زلزلےکے نتیجے میں کم سے کم 130 افراد زخمی ہوگئے تھے ۔

واضح رہے کہ ایران بڑی فالٹ لائن پر واقع ہے اور یہاں تھوڑے تھوڑے وقفے سے ہلکے اور زیادہ شدت کے زلزلے آتے رہتے ہیں۔2003ء میں 6.6 کی شدت کے زلزلے سے ایران کا تاریخی شہر بام ملیا میٹ ہوگیا تھا اور 25 ہزار سے زیادہ افراد مارے گئے تھے۔

مختصر لنک:

کاپی