اسرائیل کے کثیر الاشاعت عبرانی اخبار”یدیعوت احرونوت” نے باور کرایا ہے کہ فلسطینی تنظیم اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” نے اسرائیل کے خلاف بیداری کی جنگ جیت لی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی اخبار کے عسکری نامہ نگار "یوسی یھوشع” نے اپنے مضمون میں لکھا ہے کہ حماس کی جانب سے اسرائیلی فوج کے کمانڈروں کو اشتہاری قرار دیے جانے کے بعد صہیونی ریاست کے خلاف بیداری کا معرکہ جیت لیا۔
خیال رہے کہ حال ہی میں غزہ میں حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ کی طرف سے خان یونس میں صہیونی فوجی کارروائی میںحصہ لینے والے اسرائیلی فوجیوں کی تصاویر جاری کی ہیں۔
خبر رساں ایجنسی "صفا” نے اسرائیلی تجزیہ نگار کا ترجمہ کیا جس میں انہوںنے غزہ میں القسام بریگیڈ کے خلاف اسرائیلی خفیہ ادارے "شاباک” کی کارروائی اور اس کے نتائج پر روشنی ڈالی ہے۔
صہیونی تجزیہ نگار کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائی میں نہ صرف قابض فوج کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا بلکہ سیاسی محاذ پر بھی صہیونی ریاست کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ حماس نے بیداری کے محاذ پر اسرائیل پر اپنا پلڑا بھاری ثابت کیا ہے۔
صہیونی تجزیہ نگار کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج قومی خزانے پر بھاری بوجھ ہے جو سالانہ سیکیورٹی کے شعبے پر20 ملین شیکل کی رقم صرف کرتی ہے۔ آنے والے برسوں میں یہ رقم کئی گنا بڑھ سکتی ہے۔
خیال رہے کہ 11 نومبر کواسرائیلی فوج کی اسپیشل یونٹ کے اہلکاروں نے غزہ کی پٹی میں خان یونس کے مقام پر ایک وحشیانہ کارروائی میں القسام بریگیڈ کے7 کارکن شہید کردیے تھے۔